ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلوچستان میں غیرت کے نام پر 5 افرادکا قتل

بلوچستان میں غیرت کے نام پر 5 افرادکا قتل

Thu, 22 Sep 2016 16:59:41    S.O. News Service

بلوچستان ، 22؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ میں گذشتہ 48گھنٹوں کے دوران مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کے دو واقعات میں دو خواتین سمیت پانچ افراد کو ہلاک کیا گیا۔تین افراد کی ہلاکت کا واقعہ کراچی سے متصل حب ٹاؤن میں پیش آیا ۔حب پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ حب ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہوئے تو انھوں نے فائر نگ کر کے تین افراد کو ہلاک کیا۔ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی کے علاوہ ان کا دو سال کا ایک بیٹا شامل تھا تاہم فائرنگ کے اس واقعے میں ان کی ایک سالہ بیٹی بچ گئی۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کی ایک سالہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی یا گھر پر حملہ کرنے والوں نے اس پر گولی نہیں چلائی۔پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے مرد اور خاتون کا تعلق ضلع قلات سے تھا اور انھوں نے چند سال قبل سند کی شادی کی تھی۔دونوں افراد کا تعلق قلات سے تھا اور انھوں اپنا علاقہ چھوڑ کر حب میں رہائش اخیتار کی تھی۔دوسرا واقعہ لسبیلہ تحصیل کی حدود میں پیش آیا۔پولیس اہلکار کے مطابق اس علاقے میں ایک گھر میں ایک مرد اور خاتون کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک کیے جانے والے مرد اور خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان دونوں افراد کا تعلق بلوچستان کے علاقے سبی سے تھا اور دونوں نے دو ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔


Share: